جے پور: کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجستھان کے سابق ڈپٹی سی ایم سچن پائلٹ نے اپنی اہلیہ سارہ پائلٹ سے علاحدگی اختیار کر لی ہے۔ پائلٹ نے آج کاغذات نامزدگی کے ساتھ دئے گئے حلف نامے میں اس کا انکشاف کیا ہے۔ حالانکہ یہ نہیں بتایا گیا کہ دونوں کے درمیان طلاق کب ہوئی ہے۔ لیکن یہ پہلی بار منظر عام پر آیا ہے کہ دونوں الگ ہوگئے ہیں۔ اپنے حلف نامے میں پائلٹ نے اپنی اہلیہ کے نام والے کالم کے سامنے ‘طلاق شدہ لکھا ہے۔ سچن اور سارہ کے دو بچے ہیں۔ دونوں بچے سچن کے پاس ہیں۔ اس بات کا انکشاف حلف نامے میں بھی کیا گیا ہے۔
معلومات کے مطابق سچن پائلٹ اور سارہ کی شادی تقریباً 19 سال پہلے 15 جنوری 2004 کو ہوئی تھی۔ سارہ جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر فاروق عبداللہ کی بیٹی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ عبداللہ اس شادی کے خلاف تھے جب کہ پائلٹ کے گھر والے بھی اس رشتے سے ناخوش تھے۔
سچن اپنے خاندان کو اس رشتے کے لئے راضی کرنے میں کامیاب رہے لیکن سارہ ایسا نہیں کر سکی تھیں۔ اس لئے فاروق عبداللہ نے اس شادی میں شرکت نہیں کی تھی۔ سارہ نے لندن میں تعلیم حاصل کی ہے۔ ان دونوں کی شادی اس وقت کے دوسہ کی ممبر پارلیمنٹ اور سچن کی ماں رما پائلٹ کی دہلی کی رہائش گاہ پر ہوئی تھی۔حالانکہ بتایا جا رہا ہے کہ سچن اور سارہ کے درمیان طلاق کی خبریں کئی بار منظر عام پر آئیں لیکن اس کی کبھی تصدیق نہیں ہو سکی۔ طلاق کے بارے میں کسی کو کچھ پتہ بھی نہیں لگا۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ دونوں کے درمیان طلاق کب ہوئی ہے۔ منگل کو سچن پائلٹ کی جانب سے ٹونک اسمبلی سیٹ سے بھرے گئے پرچہ نامزدگی کے ساتھ داخل کردہ حلف نامہ کے ذریعے طلاق کا معاملہ پہلی بار سامنے آیا ہے۔