جئے پور :راجستھان کے سیتا پور صنعتی علاقے کے جوئیلری زون میں پیر کی رات سیپٹک ٹینک میں اترے 8 لوگوں میں سے 4 کی دم گھٹنے سے موت ہو گئی۔ وہیں 2 شخص کی حالت نازک بنی ہوئی ہے جن کا علاج اسپتال میں کیا جا رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ رات 8.30 بجے اچل جوئیلری پرائیویٹ لمیٹیڈ کے 10 فٹ گہرے سیپٹک ٹینک کی صفائی کے دوران یہ حادثہ ہوا۔ چاروں مرنے والے اتر پردیش کے رہنے والے تھے۔حادثے کی اطلاع ملنے پر سانگانیر صدر تھانہ پولیس موقع پر پہنچی۔ چاروں لاشوں کو مہاتما گاندھی اسپتال میں رکھوایا گیا۔ دو لوگوں اجئے چوہان اور راجپال کو آر یو ایچ ایس میں بھرتی کروایا گیا ہے۔ مہلوکین کی شناخت سنجیو پال، ہمانشو سنگھ، روہت پال اور ارپت یادو کے طور پر ہوئی ہے۔
واقعہ کی جانچ کے لیے ایف ایس ایل کی ٹیم کو موقع پر بلایا گیا۔ دیر رات تک پتہ نہیں لگ پایا تھا کہ آخر کس گیس کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا ہے۔ حادثے کی اطلاع اے ڈی ایم (جنوب)، ایس ڈی ایم سانگا نیر اور تحصیل دار موقع پر پہنچے۔
اطلاع کے مطابق فیکٹری میں سونے-چاندی کے زیورات کو بناتے وقت کیمیکل کے ساتھ سونے-چاندی کے ٹکڑے جاتے ہیں۔ انہیں چھاننے کے لیے کچھ وقت کے وقفے پر ٹینک سے کچرا نکالا جاتا ہے، جس سے اس میں سونے چاندی کے ذرات کو چھانا جا سکے۔ اس بار بھی فیکٹری میں دوپہر سے ہی سیپٹک ٹینک کی صفائی کے لیے 8 مزدور اتارے گئے تھے۔ مشینوں کا کام آدمیوں سے لیا گیا۔ دیگر جوئیلری کمپنیوں میں بھی اس طرح کا عمل ہوتا ہے لیکن اس کے لیے خصوصی مشینیں ہوتی ہیں۔