پٹنہ (ت ن س)جی 20 گروپ کی میٹنگ 22 اور 23 جون کو پٹنہ میں ہوگی۔محکمہ آرٹ اینڈ کلچر کی سکریٹری وندنا پریشی کو اس کے لیے نوڈل آفیسر بنایا گیا ہے۔ وندناپریشی نے کہا کہ جی 20 اجلاس میں شرکت کرنے والے مندوبین کے لیے بہاری کھانوں کا مکمل انتظام کیا جا رہا ہے۔ جبکہ وفد کو نالندہ کے کھنڈرات کے ساتھ ساتھ پٹنہ صاحب گرودوارہ اور بہار میوزیم بھی دکھایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تقریب میں ڈیڑھ درجن سے زائد ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے۔ آرٹ کلچر ڈپارٹمنٹ کی سکریٹری وندنا پریشی نے بتایاکہ مندوبین کو بڑے مقامات جیسے پٹنہ، بودھ گیا، راجگیر اور ویشالی وغیرہ کے دورے پر بھی لے جایا جائے گا۔ چیف سکریٹری کی زیر صدارت اجلاس میں بیرون ملک سے آنے والے مندوبین کے استقبال کی تیاریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیاہے۔اس دوران طے پایا کہ مندوبین کا استقبال روایتی انداز میں کیا جائے گا۔G-20 گروپ بین الاقوامی اقتصادی تعاون کا ایک بڑا فورم ہے۔سمراٹ اشوک کنونشن سینٹر کو جی 20 اجلاس کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔باپو آڈیٹوریم میں مندوبین کے لیے ایک عظیم الشان ثقافتی پروگرام کا اہتمام کیا جائے گا۔ آرٹ کلچر اینڈ یوتھ ڈپارٹمنٹ اس پروگرام کی تیاریوں کو حتمی شکل دے رہا ہے۔اسی دوران بہار حکومت کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ‘مرکزی تقریب جی 20 میٹنگ کے علاوہ ہم ثقافتی تبادلے کے تحت مندوبین کوان کی سہولت کے مطابق تاریخی مقامات پر لے جایاجائے گا۔جی-20 میٹنگ مختلف ریاستوں میں ہورہی ہے۔ پرانے پٹنہ میوزیم اور جدید بہار میوزیم کے دورے پر لے جانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ اگر وہ نالندہ یا کچھ اور تاریخی مقامات کی سیر کرنا چاہتے ہیں تو ہم سفر نامہ تیار کرتے وقت ان مقامات کو ذہن میں رکھیں گے۔ عہدیداروں نے کہا کہ تاہم نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق اب مندوبین صرف پٹنہ کے سیاحتی مقامات کا دورہ کریں گے۔ وہ سکھوں کی زیارت گاہ پٹنہ صاحب بھی جا سکتے ہیں۔